یوکرین کیلئے 10.4 ملین ڈالر کے سعودی امدادی معاہدہ پر دستخط
ریاض: سعودی امدادی ایجنسی کے ایس ریلیف نے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے ساتھ 10.4 ملین ڈالر سے زیادہ مالیت کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد یوکرین میں انسانی بحران سے متاثرہ اندرونی طور پر بے گھر افراد کو پناہ دینا ہے۔فنڈنگ کا استعمال 11,000 پناہ گاہوں، 2,400 فوری حرارت فراہم کرنے والی کٹس اور سردیوں کے دوران گھروں کیلئے ضروری تعمیراتی سامان کی فراہمی کیلئے ہو گا۔ تقریباً 49,000 افراد اس امداد سے مستفید ہوں گے۔کے ایس ریلیف کے نائب سپروائزر برائے آپریشنز اینڈ پروگرامز احمد بن علی البائز اور یو این ایچ سی آر کی ڈپٹی ہائی کمشنر کیلی کلیمنٹس نے ریاض میں ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط کیے۔کے ایس ریلیف کے سربراہ اور شاہی عدالت میں مشیر عبداللہ الربیعہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔یہ معاہدہ تمام دنیا میں بے گھر لوگوں اور پناہ گزینوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کیلئے مملکت کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔