لاس اینجلس کاؤنٹی : پیپسی اور کوکا کولا کی بوتلوں پر مقدمہ
لاس اینجلس : لاس اینجلس کاؤنٹی نے پیپسی اور کوک کے خلاف کارروائی کی ہے اور پلاسٹک کی آلودگی بڑھانے کیلئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ لاس اینجلس کاؤنٹی نے چہارشنبہ کو دائر کیے گئے ایک مقدمے میں الزام لگایا کہ ’’پیپسی کو‘‘ اور ’’کوکا کولا‘‘ کمپنیوں نے عوام کو اپنی پلاسٹک کی بوتلوں کو ری سائیکل کرنے کے بارے میں گمراہ کیا اور پلاسٹک کے منفی ماحولیاتی اور صحت کے اثرات کو کم کیا۔ لاس اینجلس کاؤنٹی کے سپروائزر لنڈسے ہورواتھ نے ایک بیان میں کہا کہ ’کوک ‘اور ’پیپسی‘ کو دھوکہ دہی کو روکنا چاہیے اور اپنی مصنوعات کی وجہ سے پلاسٹک کی آلودگی کے مسائل کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ لاس اینجلس کاؤنٹی دھوکہ دہی اور نامناسب کاروباری کارروائیوں میں ملوث کمپنیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی جو سنگین ماحولیاتی اثرات کا باعث بن رہی ہیں۔ عالمی ماحولیاتی گروپ ‘بریک فری فرام پلاسٹک ’ کے مطابق، دونوں کمپنیاں مسلسل پانچ سال سے دنیا کے سب سے اوپر پلاسٹک آلودگی پھیلانے والوں میں شامل ہیں۔ اور کوکا کولا چھ سال سے اس معاملے میں سرفہرست ہے۔