دیوالی سے قبل بنگال میں فسادات اور دھماکوں کی سازش، ممتا بنرجی کادعویٰ

Hero Image

کولکاتا: مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے پولیس پر زور دیا ہے کہ وہ سیکورٹی میں اضافہ کرے کیونکہ ان کا دعویٰ ہیکہ کچھ سماج دشمن عناصر آئندہ تہوار کے دوران بدامنی پھیلانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ دیوالی، کالی پوجا اور چھٹ پوجا کی تقریبات کے دوران بدامنی پھیلانے کی سازش رچی جارہی ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پرانہوں نے ریاستی پولیس پر زور دیا کہ وہ تقریب کے دوران ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے چوکسی بڑھائے۔رپورٹ کے مطابق ممتا بنرجی نے کہاکہ کالی پوجا جلد آرہی ہے۔ پولیس اور اسپیشل ٹاسک فورس کو انٹیلی جنس کی معلومات جمع کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ریاست میں کوئی دھماکہ نہ ہو۔ بنگال میں ایک سازش رچی جا رہی ہے جسے روکنا چاہیے۔اس سال کالی پوجا 31 اکتوبر کو دیوالی کے دن ہے۔

سی ایم ممتا بنرجی نے خبردار کیا کہ کچھ گروہ تہواروں کے دوران خاص طور پر کولکاتہ میں مذہبی امن کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
اس نے کہا کہ میںہرگز بنگال میں فرقہ وارانہ کشیدگی نہیں چاہتی۔پولیس کسی بھڑکانے والے کے خلاف سخت کارروائی کرے گی، لیکن میں میڈیا سے گزارش کرتی ہوں کہ اس کو سنسنی خیز نہ بنائیں،براہ کرم عوام کو مشتعل کرنے سے گریز کریں۔سی ایم ممتا بنرجی کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ریاست سائیکلون ڈانا کے بعد حالات سے نبرد آزما ہے۔ بنگال کے کئی اضلاع اس طوفان سے متاثر ہوئے۔ان علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ممتا بنرجی نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس دوران سی ایم ممتا بنرجی نے سمندری طوفان دانا کی وجہ سے بنگال میں ایک شخص کی موت کی تصدیق کی، جبکہ نشیبی علاقوں سے تقریباً 2.16 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔