پپو یادو کو بھی مارنے لارنس بشنوئی گینگ کی دھمکی

Hero Image

پورنیہ کے رکن پارلیمنٹ کا سکیوریٹی بڑھانے وزارت داخلہ کو مکتوب

پٹنہ : پورنیہ کے رکن پارلیمنٹ پپو یادو کو گینگسٹر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی دیئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پپو یادو نے خود بہار کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آلوک راج کو فون کرکے اس معاملے کی جانکاری دی ہے اور اپنی سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی نے رکن پارلیمنٹ سے پورے معاملے کی تحریری شکایت پورنیہ رینج کے آئی جی راکیش راٹھی سے کرنے کیلئے کہا ہے۔اس دوران رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو بھی خط لکھ کر سیکورٹی کا مطالبہ کیا ہے اور لارنس بشنوئی گینگ کی طرف سے دی گئی دھمکی کے بعد اپنے لئے سیکورٹی کو بڑھانے کی درخواست کی ہے۔پپو یادو نے بہار کے محکمہ داخلہ اور مرکزی وزارت داخلہ پر دھمکی کے باوجود غیرفعال ہونے کا الزام لگایا ہے اور Y کیٹیگری سے بڑھاکر Z کیٹیگری کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا معلومات کے مطابق اس کے بعد پپو یادو نے پورنیہ کے آئی جی کو ایک تحریری شکایت دی ہے اور ان کی ہدایت پر پورنیہ کے ایس ایس پی نے اس پورے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔