بمراہ ممبئی ٹسٹ سے باہر ، محمد سراج کی واپسی ممکن

Hero Image

ممبئی ۔ ہندوستانی ٹیم دیوالی کے اگلے دن یعنی جمعہ یکم نومبرکو ممبئی کے وانکھیڑے میں اپنا وقار بچانے کیلئے میدان میں اترے گی ۔ ایک جانب ٹیم انڈیاکو وائٹ واش کے دہانے پرکھڑی ہے تو دوسری جانب ٹسٹ سے قبل ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ تیسرے اور آخری ٹسٹ سے قبل ٹیم کے اہم فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو آرام دیاگیا ہے۔ کپتان روہت شرما اور ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کی رضامندی کے بعد وہ احمد آباد میں اپنے گھر واپس آگئے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ روہت اگلے میچ میں بمراہ کے بغیر کھیلیں گے۔ جسپریت بمراہ کو تیسرے ٹسٹ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کپتان اورکوچ سمیت پوری ٹیم انتظامیہ کا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی ٹیم بارڈرگواسکر ٹرافی کے لیے10 نومبرکو آسٹریلیا روانہ ہوسکتی ہے۔ اس سے پہلے روہت اور گمبھیر انہیں مکمل آرام دینا چاہتے ہیں، تاکہ وہ 22 نومبر کو پرتھ میں شروع ہونے والی سیریز کے لیے تازہ دم رہ سکیں۔ بنگلور ٹسٹ کے بعد ہی بمراہ کو آرام دینے کا منصوبہ تھا لیکن پہلا میچ ہارنے اور سیریز میں 0-1 سے پیچھے رہنے کے بعد ہندوستانی کپتان انہیں پونے ٹسٹ میں کھیلانے پر مجبور ہو ئے۔ تاہم بمراہ کیلئے کیا گیا فیصلہ وہاں غیر موثر رہا۔ وہ پورے میچ میں ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔ یاد رہے کہ جسپریت بمراہ گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل میچ کھیل رہے ہیں۔ وہ بنگلہ دیش کے خلاف دونوں ٹسٹ میچوں کا بھی حصہ تھے۔ پونے ٹسٹ میں ٹیم انڈیا تین اسپنروں اور دو فاسٹ بولروں جسپریت بمراہ اور آکاش دیپ کے ساتھ اتری تھی ۔ ممبئی میں بھی پونے جیسی پچ کا امکان ہے۔ ایسے میں یہاں بھی ہندوستانی ٹیم دوبارہ اسی منصوبہ کے ساتھ میدان میں جا سکتی ہے لیکن بمراہ کی غیر موجودگی میں محمد سراج ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔