پنت کی وکٹ، تیسرے امپائر کے فیصلے پر تنازعہ
ممبئی ۔ ممبئی ٹسٹ کے تیسرے دن رشبھ پنت کی وکٹ کے بعد زبردست ہنگامہ ہوا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تیسرے امپائر نے کیچ کی اپیل پر انہیں غلط آوٹ دیا۔ پنت بھی امپائرکے فیصلے سے ناراض نظر آئے۔ پویلین لوٹتے ہوئے انہوں نے غصے میں ڈریسنگ روم کے دروازے پر مکا مارا۔ اس کے ساتھ ہی سنیل گواسکر اور اے بی ڈی ویلیئرز جیسے تجربہ کارکرکٹرز نے بھی اس فیصلے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ پنت کو میدان میں موجود امپائروں کے ساتھ اس فیصلے پر بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گیند بیٹ سے نہیں ٹکرائی تھی ۔ ممبئی ٹسٹ کے تیسرے دن ٹیم انڈیا نے147 رنزکا تعاقب کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر106 رنز بنا لیے تھے۔ پنت 64 رنز بنا کر ہندوستانی ٹیم کو فتح کی طرف لے جا رہے تھے۔ اس کے بعد اننگز کے 22ویں اوور میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اعجاز پٹیل کی گیند کو کیچ آؤٹ کرنے کی اپیل کی۔ امپائر نے اسے ناٹ آؤٹ قرار دیا جس کے بعد کپتان ٹام لیتھم نے ریویو لیا۔ جب تھرڈ امپائر پال رائفل نے اسے دیکھا تو سنکو میٹر پر جب گیند بیٹ کے قریب تھی تو اس آلہ پر حرکت تھی۔ اس دوران پنت کا بیٹ پیڈ کو چھو رہا تھا۔ ٹی وی امپائرکا خیال تھا کہ بیٹ سے گیند ٹکرائی ہے جبکہ پنت نے دعویٰ کیا کہ بیٹ اور پیڈ کے درمیان رابطے کی وجہ سے الٹرا ایج پر حرکت ہوتی ہے۔ تاہم امپائر کا خیال تھا کہ بیٹ سے ٹکرانے کے بعد گیند میں مڑگئی۔