مہاراشٹرا کی ڈی جی پی رشمی شکلاکا تبادلہ
کانگریس کی شکایت پر الیکشن کمیشن کی کارورائی
ممبئی :مہاراشٹر امیں اسمبلی انتخابات کے لیے 20 نومبر کو 288 سیٹوں پر ووٹنگ ہونے والی ہے۔ اس درمیان ریاست کی ڈی جی پی رشمی شکلا کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی شکایتوں پر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر اکی ڈی جی پی کا فوراً تبادلہ کرنے کا حکم دینے کے ساتھ ہی ان کی جگہ کیڈر میں اگلے سب سے سینئر آئی پی ایس افسران کو ذمہ داریاں سونپنے کی ہدایت دی۔ ممبئی کے کمشنر وویک پھنسالکر کو مہاراشٹرا ڈی جی پی کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ اگلے ڈی جی پی کی تقرری کیلئے چیف سکریٹری پوری طرح سرگرم ہوگئے ہیں۔ دراصل چیف سکریٹری کو مہاراشٹرا کے ڈی جی پی عہدہ پر تقرری کے لیے 5 نومبر دوپہر 1 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت کے اندر تین آئی پی ایس افسران کا پینل چیف سکریٹری کو بھیجنا ہوگا۔مہاراشٹر اکیڈر کے تین سینئر افسران کی بات کی جائے تو اس میں سنجے ورما (ڈی جی لاء اور ٹکنالوجی) سب سے پہلے نمبر پر ہیں۔ الیکشن کمیشن کو آئی پی ایس افسر رشمی شکلا کے خلاف شکایتیں ملی تھیں۔ کانگریس نے پہلے ہی کمیشن سے رشمی شکلا کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ رشمی شکلا کی قیادت میں مہاراشٹرا میں غیر جانبدارانہ انتخاب ہو نا ممکن نہیں ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پہلے ہی جائزہ میٹنگوں میںعہدیداروں کو غیر جانبدار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے وارننگ دی تھی کہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے وقت ان کے برتاؤسے ایسا نہیں ظاہر ہونا چاہیے کہ کسی خاص گروپ کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہو رہی ہو۔