ناندیڑ میں اتم کمار ریڈی اور سچن پائلٹ کی کانگریس کے حق میں مہم
مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس، کانگریس اور اتحادی جماعتوں کو اکثریت کا یقین
حیدرآباد ۔31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے مہاراشٹرا اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ناندیڑ میں کئی پروگراموں میں شرکت کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اتم کمار ریڈی اور سابق مرکزی وزیر سچن پائلٹ کو سینئر آبزرور کے طور پر مقرر کیا ہے تاکہ وہ مقامی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی طئے کریں۔ اتم کمار ریڈی کو ناندیڑ اور اطراف کے علاقوں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے سچن پائلٹ کے ہمراہ مختلف پروگراموں میں حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں سے کانگریس اور اتحادی پارٹیوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ مہاراشٹرا میں کانگریس نے انتخابی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ تلنگانہ سے متصل مہاراشٹرا علاقوں میں رائے دہندوں کو کانگریس کے حق میں راغب کرنے کیلئے اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ مہاراشٹرا میں کانگریس اور اس کی اتحادی پارٹیوں کا موقف مستحکم ہے اور اتم کمار ریڈی کے مطابق اپوزیشن اتحاد کو اقتدار حاصل ہوگا۔ کرناٹک اور تلنگانہ میں اقتدار کے حصول کے بعد کانگریس نے مہاراشٹرا پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کے مقامی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے اتحادی جماعتوں کی انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ ناندیڑ میں نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی طرح اگر کانگریس قائدین متحد ہوکر مقابلہ کریں تو اپوزیشن اتحاد کو اقتدار یقینی رہے گا۔ این سی پی (شرد پوار) اور شیوسینا (ادھو ٹھاکر) گروپس کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے ذریعہ کانگریس مقابلہ کر رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بی جے پی زیر قیادت اتحاد کو شکست دینے کیلئے اپوزیشن اتحاد میں بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔ امید کی جارہی ہے کہ مہاراشٹرا میں نشستوں کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا اور ناندیڑ کے بیشتر حلقہ جات میں کانگریس اور اتحادیوں کو کامیابی حاصل ہوگی۔ اتم کمار ریڈی اور سچن پائلٹ وقتاً فوقتاً ناندیڑ اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے۔ 1