دیوی دیوتاؤں کی تصاویر والے پٹاخوں کا بائیکاٹ کیا جائے
بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے دیپاولی کے موقع پر پٹاخوں پر ہندو بھگوانوں کی تصاویر پر شدید اعتراض کیا اور عوام سے اپیل کی کہ بھگوانوںکی تصاویر کے ساتھ موجود پٹاخوںکو نہ جلائیں۔ بی جے پی دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ ہندو دیوتاؤں کی تصاویر کے ساتھ موجود پٹاخوں کو خود ہندوؤں کے ذریعہ جلانے کی سازش کی جارہی ہے۔ اس سازش کو ناکام بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ دیپاولی کے موقع پر دو دن بڑے پیمانہ پر آتشبازی کی جاتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پٹاخوں کے معاملہ میں بچوں کو احتیاط کا مشورہ دیں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ دیپاولی کے موقع پر لکشمی کی پوجا کی جاتی ہے لیکن پٹاخوں پر لکشمی کی تصویر لگائی گئی ہے اور یہ پٹاخے فروخت کئے جارہے ہیں ۔ گزشتہ کئی برسوں سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ایسے پٹاخے ہرگز نہ جلائیں جن پر دیوی دیوتاؤں کی تصویر ہو۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ ہندو عوام کو عہد کرنا چاہئے کہ وہ دیوی دیوتاؤں کی تصاویر والے پٹاخوں کا بائیکاٹ کریں ۔ اسی دوران ریاست بھر میں دیپاولی کا تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے اور کل رات سے ہی شہر اور اضلاع میں پٹاخوں کی دکانات پر کافی ہجوم دیکھا گیا۔ گزشتہ سال کے مقابلہ پٹاخوں کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ، باوجود اس کے خریداروں کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ 1