بھٹی وکرمارکا کی جھارکھنڈ اسمبلی چناؤ میں کانگریس کیلئے مہم
دھنباد میں مقامی امیدوار کے ساتھ دورہ ، ریاست میں انڈیا اتحاد کی کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے اسٹار کیمپینر کی حیثیت سے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے دھنباد لوک سبھا حلقہ کے بکارو اسمبلی حلقہ میں مہم کا آغاز کیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کانگریس امیدوار شریمتی شویتا سنگھ کو کامیاب بنانے کے لئے عوام سے ملاقات کی۔ مقامی کانگریس قائدین کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی گئی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے انتخابی مہم سے قبل آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر خراج پیش کیا اور کہا کہ ملک میں غریبوںکی بھلائی کے لئے اندرا گاندھی نے جن اسکیمات کا آغاز کیا ، وہ آج بھی برقرار ہیں۔ انہوں نے علاقہ کے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو انتخابی مہم کے طریقہ کار اور رائے دہندوں تک کانگریس کے انتخابی منشور کو پہنچانے کا مشورہ دیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ اور کرناٹک میں کانگریس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کردیئے گئے اور غریب اور مستحق خاندانوں کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ انتخابی منشور کو رائے دہندوں تک پہنچائیں تاکہ کرناٹک اور تلنگانہ کی طرح انتخابی وعدوں کی تکمیل کا بھروسہ پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں نفرت کی سیاست کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں عوام نے بی جے پی کو اکثریت سے محروم کردیا اور حلیف جماعتوں کی بیساکھیوں پر مودی حکومت قائم ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس قائدین راہول گاندھی اور سونیا گاندھی عوام سے جو وعدہ کرتے ہیں ، اس کی بہرصورت تکمیل کی جاتی ہے۔ جھارکھنڈ میں جے ایم ایم کے ساتھ اتحاد کے ذریعہ دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد کو سبقت حاصل ہے اور بی جے پی نے ابھی سے اپنی شکست کو تسلیم کرلیا ہے۔ کانگریس امیدوار شریمتی سواتی سنگھ نے رائے دہندوں کو بھروسہ دلایا کہ وہ کامیابی کے بعد علاقہ کی ترقی پر توجہ مرکوز کریں گی۔ کانگریس کے ضلع صدر اومیش گپتا ، اے آئی سی سی رکن منوج سنگھ ، سشیل جھا اور دیگر قائدین نے بھٹی وکرمارکا کے ہمراہ انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ 1