سونے کی قیمت فی تولہ 82 ہزار روپئے سے تجاوز کرگئی

Hero Image

آل ٹائم ریکارڈ قائم کیا ، ایک سال میں سونے کی قیمت میں 35 فیصد کا اضافہ ہوا
حیدرآباد : /31 اکٹوبر (سیاست نیوز) سونے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھورہی ہیں ۔ بھاری خرید کے درمیان ملک کے دارالحکومت دہلی میں جمعرات کو سونے کی قیمت میں 1000 روپئے کا اضافہ ہوا ہے ۔ فی تولہ سونے کی قیمت 82 ہزار روپئے سے تجاوز کرگئی ۔ آل انڈیا صرافہ اسوسی ایشن کے مطابق 99.9 فیصد خالص سونے کی قیمت 1000 روپئے بڑھ کر 82,400 روپئے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ بلین مارکٹ ذرائع نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ دیوالی تہوار کے پیش نظر تاجروں کی جانب سے زیادہ مانگ ہے ۔ حیدرآباد میں 24 قیراط فی تولہ سونا 81.60 ہزار روپئے ہے ۔ جبکہ 22 کیرٹ سونے کی قیمت 74,400 روپئے فی تولہ ہے ۔ حیدرآباد میں جمعرات کو 24 قیراط سونے کی قیمت 81.330 ہزار روپئے بتائی گئی ۔ جبکہ 22 قیراط سونا کی قیمت 74,550 روپئے پر برقرار رہی ۔ تاہم تاجروں نے قیمتوں میں اضافہ کی وجہ دیوالی کے دوران امریکی صدارتی انتخابات سے قبل غیر یقینی جغرافیائی سیاسی حالات اور سونے کی مانگ میں اضافہ کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال /29 اکٹوبر سے سونے کی قیمت میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال اکٹوبر کے آغاز پر فی تولہ سونے کی قیمت 61,200 روپئے تھی ۔ اس طرح چاندی کی قیمت میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ فی کلو چاندی کی قیمت ایک لاکھ روپئے سے تجاوز کرگئی ہے ۔ گزشتہ سال /29 اکٹوبر کو 74 ہزار روپئے فی کلو چاندی تھی جس میں بھی فی الحال 36 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ 2