چنچلگوڑہ کے2 نوجوان منچپا چیرو میں غرق

Hero Image

نظام آباد کی درگاہ میں زیارت کے بعد نہانے کے دوران دلخراش واقعہ

حیدرآباد۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) ضلع نظام آباد میں آج صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر حیدرآباد کے 6 نوجوان نظام آباد میں واقع درگاہ کی زیارت کی غرض سے کل رات حیدرآباد سے روانہ ہوئے اور آج صبح درگاہ میں زیارت کے بعد 6 دوست نہانے کی غرض سے منچپا چیرو میں اترے۔ منچپا چیرو آبشار میں نہانے کے بعد چار دوست پانی سے باہر آگئے جبکہ ان کے دو دوست سید موسیٰ اسحاق 28 سالہ اور سید یعقوب پیر پھسلنے سے پانی میں غرق ہوگئے۔ سید موسیٰ اسحاق کی شادی ایک سال قبل ہوئی انہیں ایک تین ماہ کا لڑکا بھی ہے۔ موسیٰ اسحاق کراچی بیکری میں ملازم تھے اور یعقوب آٹو موبائیل دکان میں ملازم تھے۔ سعید آباد میں ان کے والدین کو اطلاع ملتے ہی پورے علاقہ میں غم کا ماحول پیدا ہوگیا۔ سید موسیٰ اسحاق کے والد سید اسحاق اسحاقی نے بتایا کہ سید موسیٰ اسحاقی ان کے تیسرے فرزند تھے۔ جیسے ہی چنچل گوڑہ میں اطلاع ملی کہ پانی میں دو نوجوان غرق ہو گئے ہیں تو دونوں کے مکانات پر مقامی افراد کا ہجوم جمع ہوگیا اور لوگ ان کے افراد خاندان کو پرسہ دینے لگے۔ سید اسحاق اسحاقی نے بتایا کہ دونوں لڑکوں کا پوسٹ مارٹم نظام آباد میں ہوچکا ہے اور ان کی نعشیں دیر رات گئے حیدرآباد منتقل جائیں گی اور صبح کے وقت 10 بجے یا ظہر میں ان کی نماز جنازہ پڑھائی جائیگی۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 8977421960 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ (ش)