سائبر دھوکہ دہی سے ضعیف خاتون لاکھوں روپیوں سے محروم

Hero Image

اندھیری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہونے کے نام پر فون کال، سائبر کرائمس مصروف تحقیقات

حیدرآباد 3 نومبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں سائبر دھوکہ دہی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ پولیس کی لاکھ کوششوں کے باوجود سائبر دھوکہ دینے والوں کو قابو کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ایک 74 سالہ خاتون کو دھوکہ بازوں نے نشانہ بناتے ہوئے اسے کال کرتے ہوئے بتایا کہ اندھیری پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف ایک مقدمہ درج ہوا ہے جس کا نمبر MH-1045/0924 بتایا گیا۔ دھوکہ بازوں نے خاتون پر الزام لگاتے ہوئے کہاکہ انھیں ہراساں کرنے والے مسیج اور اشتہارات آرہے ہیں۔ اس کے آدھار کارڈ سے منسلک تمام موبائیل نمبرس کو بند کردیا جائے گا۔ دھوکہ بازوں نے خاتون کو فرضی سی بی آئی اور آر بی آئی کی جانب سے جعلی خط بھیجے اور اسے دھمکی دی کہ اسکے بینک اکاؤنٹ سے نریش گوئل کے اکاؤنٹ میں منی لانڈرنگ کیس سے متعلق غیر قانونی لین دین کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ ای ڈی جیٹ ایئرویز کے بانی نریش گوئل سے غیر ملکی زرمبادلہ کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کررہے ہیں۔ دھوکہ بازوں نے متاثرہ خاتون سے بینک اکاؤنٹ تفصیلات طلب کیں اور اگر تفصیلات فراہم نہ کرنے پر اس کے اکاؤنٹ منجمد کرنے اور اسے گرفتار کرنے کی دھمکی دی۔ دھوکہ بازوں نے خاتون کو تمام سود سمیت اکاؤنٹ میں جمع کرنے کو کہا۔ جس کے بعد خاتون نے خوف کے ماحول میں دھوکہ بازوں کے اکاؤنٹ میں رقم RTGS کی۔ خاتون نے جملہ 37,90,000/- جمع کردیئے۔ اس کے بعد اس نے پولیس سے مدد طلب کی۔ سائبر کرائمس نے بتایا کہ رقم جمع کرنے سے قبل شکایت کی جاتی تو اس رقم کو محفوظ کیا جاسکتا تھا۔ سائبر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔(ش)