گیاس سلینڈر سے پٹاخوں میں دھماکہ، دم گھٹنے سے ضعیف جوڑا ہلاک
15 سالہ شروتی جھلس گئی ، چندرا نگر یاقوت پورہ میں دلخراش حادثہ
حیدرآباد ۔28۔ اکتوبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ کے چندرا نگر میں آتشزدگی کے بعد دم گھٹنے سے ایک جوڑا فوت ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گیس سلینڈر سے پٹاخوں کو لگی آگ کے بعد یہ حادثہ پیش آیا جس میں 55 سالہ موہن لال اور 50 سالہ اوشا بائی فوت ہوگئے ۔ اس جوڑے کی موت دم گھٹنے کے سبب ہوئی جبکہ اس حادثہ میں ایک 15 سالہ لڑکی شروتی شدید متاثر ہوگئی جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ کل رات دیر گئے موہن لال اپنے گھر میں پکوان کے کام میں مصروف تھے اسی دوران سلینڈر کے ریگولیٹر سے آگ نے پائپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور آگ پھیل گئی۔ دونوں میاں بیوی اس آگ کو دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ پھیلنے لگی اور دھواں جمع ہوگیا ۔ مقامی عوام نے اس موقع پر دلیری اور انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے انہیں مکان سے نکال کر فوری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں دونوں فوت ہوگئے جبکہ کم عمر لڑکی کو ملک پیٹ کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔ انسپکٹر پولیس رین بازار رمیش نائک نے بتایا کہ سلینڈر کے ریگولیٹر سے آگ لگی اور مکان میں موجودہ پٹاخے آگ کی لپیٹ میں آگئے اور حادثہ پیش آیا۔ رمیش نائک نے بتایا کہ لڑکی ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع