ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل، آج اشون-جڈیجہ کا رہا جلوہ

Hero Image

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا ہے۔ ایک بار پھر ٹیسٹ میچ تیسرے دن ہی ختم ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، کیونکہ آج دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے دوسری اننگ میں 9 وکٹ کے نقصان پر 171 رن بنائے ہیں۔ یعنی تیسرے دن کا کھیل جب شروع ہوگا تو ہندوستانی گیندبازوں کو صرف ایک وکٹ حاصل کرنا ہوگا، اور پھر ہندوستانی بلے بازوں کو ہدف حاصل کرنے کے لیے کافی وقت ملے گا۔ فی الحال نیوزی لینڈ کو 143 رنوں کی سبقت ملی ہے، کیونکہ ہندوستان نے پہلی اننگ میں 28 رنوں کی سبقت حاصل کی تھی۔ آج رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون کا جلوہ میدان پر خوب دیکھنے کو ملا۔ دوسری اننگ میں جڈیجہ نے 4، جبکہ اشون نے 3 وکٹ حاصل کیے۔

قابل ذکر ہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگ میں 235 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں ہندوستان نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹ کے نقصان پر 86 رن بنائے تھے۔ آج جب کھیل شروع ہوا تو شبھمن گل اور رشبھ پنت نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن جڈیجہ 59 گیندوں پر 60 رن بنا کر جیسے ہی ایش سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، ہندوستان کی بلے بازی ایک طرح سے لڑکھڑا گئی۔

ایک وقت جو اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 180 رن تھا، وہ دیکھتے ہی دیکھتے 7 وکٹ کے نقصان پر 204 رن تک پہنچ گیا۔ رشبھ کے بعد رویندر جڈیجہ 14 رن بنا کر اور سرفراز خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پھر شبھمن گل سنچری بنانے سے محروم رہ گئے۔ انھیں اعجاز پٹیل نے 90 کے انفرادی اسکور پر سلپ میں ڈیرل مشیل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس موقع پر واشنگٹن سندر نے کچھ اچھے شاٹ کھیلے، لیکن نہ ہی اشون (6 رن) کا ساتھ زیادہ دیر تک مل سکا اور نہ ہی آکاش دیپ (صفر) وکٹ پر ٹھہر سکے۔ واشنگٹن سندر 36 گیندوں پر 38 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی پہلی اننگ 263 رنوں پر سمٹ گئی، پھر بھی 28 رنوں کی سبقت حاصل ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے اعجاز پٹیل نے 21.4 اوورس میں 103 رن دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 1-1 وکٹ میٹ ہنری، گلین فلپس اور ایش سوڈھی کو ملے۔ ہندوستان کے 2 کھلاڑی رَن آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی دوسری اننگ جب شروع ہوئی تو بلے بازی ڈگمگاتی نظر آئی۔ پہلے ہی اوور میں کپتان لیتھم (1 رن) کو آکاش دیپ نے کلین بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد واشنگٹن سندر نے ڈیوون کانوے (22 رن) کو گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراتے ہوئے دوسرا جھٹکا دیا۔ رچن رویندر (4 رن) کو آر اشون نے جلدی ہی پویلین بھیج کر ٹاپ-3 کا خطرہ ٹال دیا۔ لیکن اس کے بعد وِل ینگ اور ڈیرل مشیل کے درمیان 50 رنوں کی شراکت داری نے حالات کو کچھ سنبھالا۔ پھر جب مشیل 21 رن بنا کر رویندر جڈیجہ کا شکار بنے، تو ٹام بلنڈل (4 رن) بھی جڈیجہ کو ہی اپنا وکٹ دے بیٹھے۔ گلین فلپس نے آنے کے بعد طوفانی انداز اختیار کیا اور 13 گیندوں پر 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 26 رن بھی بنا لیے، لیکن 14ویں گیند پر اشون نے بولڈ کر اس خطرے کو بھی میدان سے باہر بھیج دیا۔ اس کے بعد تو ایش سوڈھی 8 رن بنا کر اور ایک سرے پر مضبوطی کے ساتھ جمے ہوئے وِل ینگ 100 گیندوں میں 51 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے اور ہندوستانی خیمہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ میٹ ہنری (10 رن) بھی 9ویں وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہو گئے، اور یہیں پر آج کا کھیل ختم کرنے کا اعلان ہو گیا۔

ہندوستان کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے 12.3 اوورس میں 52 رن دے کر سب سے زیادہ 4 وکٹ لیے، جبکہ آر اشون نے 16 اوورس میں 63 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واشنگٹن سندر نے 10 اوورس میں 30 رن دے کر 1 وکٹ اور آکاش دیپ نے 5 اوورس میں 10 رن دے کر 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔